کراچی : آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کےزیراہتمام سینئرآرٹسٹ اکبرخان کی یادمیں تعزیتی ریفرنس کا انعقادکیاگیاجس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمدشاہ، اداکارو شہزادرضا،کشورزہرا،عشرت کمال، سلیم صدیقی، عمران شیروانی، اقبال لطیف، سلیم آفریدی، شاہدہ خورشید، نذر حسین، مجیب شہزاد، دانش بلوچ، مجید وارثی، عارف، مہتاب علی، آدم راٹھور، سہیل عباس،فرحان اعوان، کریم کاظمی، منصورساحر، محمد علی نقوی ، انور حسین اور اکبرخان کے بچوں سفیان، عمامہ، ایمان، مناہل کے علاوہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،معروف مجسمہ نگار و آرٹسٹ انجم ایاز نے ویڈیو میسج کے ذریعے اپناپیغام بھیجا۔ اکبرخان نےزندگی میں جو کام کیے اس پر مبنی شوریل پیش کی گئی جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض نعمان خان انجام دیئے۔
صدرآرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئےکہاکہ اکبر خان بہت اچھااداکار، فنکار اور مجسمہ ساز ہونےکے ساتھ ساتھ بہت اچھا انسان بھی تھا، اکبرساری زندگی سب کو ہنساتے رہے، کمال احمدرضوی اکبرخان کے بغیرکوئی کام نہیں کرتے تھے،کام وہ کرتا تھا اور نام استادوں کاہوتا تھا، آرٹس کونسل اکبرخان کی فیملی کو کبھی اکیلانہیں چھوڑے گا، میں اکبرخان کے بیٹےکو آرٹس کونسل میں نوکری دینےکااعلان کرتا ہوں۔ اداکار سلیم آفریدی نے کہاکہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اکبر خان کی وجہ سے ہوں، اس نے اداکاری و مجسمہ سازی میں خودکو منوایا، وہ کام پر زیادہ توجہ دیتے تھے، میں شرمیلا اور اکبر خان پوری خاندان کی جان تھے، ہرایک کو ہنساتے تھے۔