بہاولنگر، دریائی بیلٹ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی

بہاولنگر (اُمت نیوز) بہاولنگر میں 150 کلو میٹر کے دریائی بیلٹ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی جس سے ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
بہاولنگر میں 150 کلو میٹر کے دریائی بیلٹ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے، ضلعی انتظامیہ نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق سرکاری اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو کر نقل مکانی کر چکے ہیں اور ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے 157 دیہات سیلابی پانی سے متاثرہوئے، 17 ہزار 549 گھروں کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا، متعدد عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گئے اور رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں جس کے باعث 100 سے زائد آبادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائی علاقے میں قائم 43 سکول سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے اور درجنوں آبادیاں تاحال پانی کی لپیٹ میں ہیں۔