لاہور: ایف آئی اے حکام نے ملک بھر میں بغیر لائسنس کے کام کرنے والی منی ایکسچینج، ڈالر کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث گروہ سمیت ہنڈی حوالہ کا کام کرنے والے گروہ کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو ٹاسک دے دیئے گئے ہیں کہ ایسے گروہ کے گرد گھیرا تنگ کر دیا جائے اور ان کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ذرائع کے مطابق ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت میں کمی لانے کے لیے اور ڈالر کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث منی ایکسچینج سمیت بغیر لائسنس کے کام کرنے والی منی ایکسچینجر کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ خاص طور پر ایف آئی اے کے پی کے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پشاور کے علاقے کو خصوصی طور پر مانیٹر کریں کیونکہ ڈالر کی سمگلنگ کے حوالے سے پشاور کو ’’حب‘‘کہا جاتا ہے اس لئے پشاور کے علاقے میں لائسنس کے حامل منی ایکسچینجر ز میں روزانہ کی بنیاد پر ڈالر کی ہونے والی خریدو فروخت کو چیک کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے چھاپوں کے باعث ڈالر کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث بعض گروہ انڈر گراؤنڈ ہو گئے ہیں اسی طرح ڈیوٹی فری شاپ،مال روڈ اور دیگر علاقوں میں بغیر لائسنس کے منی ایکسچینج کا کام کرنے والے افراد بھی رو پوش ہو گئے ہیں۔