نگران حکومت پی ڈی ایم کے فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئےتیار نہیں،شیخ رشید

راولپنڈی (اُمت نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نگران حکومت پی ڈی ایم کے فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 16 مہینے میں 13 پارٹیوں کا حکومت میں سے کوئی بھی فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہے ان تمام پارٹیوں نے مل کر فیصلے کئے، آئی ایم ایف کے فیصلے پر مٹھائیاں بانٹی سارا بوجھ عوام پر ڈالا جو اب ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام 13 پارٹیاں تباہی اور بربادی کی ذمہ دار ہیں یہ ریاست بچانے کا نعرہ لگا کر ریاست کو معاشی طور پر تباہ کر کے گئے ہیں، یہ ریاست بچانے کا نام لیتے ہیں عوام کا نام ہی ریاست ہے جنہیں انہوں نے اندھے کنویں میں پھینک دیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب نون لیگ کے علاوہ ساری پارٹیاں 90 دن میں الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں، یہ وہی پارٹیاں ہیں جو الیکشن سے خوفزدہ تھی اور آج بھی خوفزدہ ہیں جو 16 ماہ میں 13 پارٹیوں نے ملکر تباہی اور بربادی کی ہے کوئی بھی عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ زیاد تر شوگر ملیں سابق صدر، وزیراعظم، وزرا کی اور حکومت کے فرنٹ مینوں کی ہیں جو ہمیشہ اپنی مرضی کے فیصلے کروا لیتے ہیں اور سزا غریب عوام بھگتے ہیں۔