کراچی (اُمت نیوز)انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر20 دن بعد 300 روپے سے نیچے آگیا
منگل کو انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 2.16 روپے سستا ہوکر تین ہفتوں کے بعد 300 روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔
کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر دو روپے سولہ پیسے کمی سے299 روپے پر آگیا۔
گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 301 روپے 16 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا کیونکہ سرمایہ کاروں کو رواں ہفتے ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں اضافے کی توقع ہے۔
کراچی اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکساروبار کے دوران 112.66 پوائنٹس یا 0.25 فیصد کمی کے بعد 45,753.07 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
منگل کو کاروباری سیشن کے دوران کے ایس ای 30 انڈیکس 46.92 پوائنٹس یا 0.29 فیصد کمی کے ساتھ 16,136.05 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔
اوپن اور انٹربینک مارکیٹوں میں مقامی کرنسی کی قدرمیں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ حکومت غیر قانونی منی ایکسچینجرز اور ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔
ایک روز قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300 روپے میں دستیاب تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 24 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ایکسچینج کمپنیوں نے 20 ملین ڈالر سرینڈر کی ہیں۔