کراچی،پانی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران 69 واٹر ٹینکر ضبط

کراچی (اُمت نیوز) پاکستان رینجرز سندھ کی ٹیموں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران 69 واٹر ٹینکر ضبط کر لئے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف گرینڈ آپریشن کراچی کے علاقوں ایوب گوٹھ، پختون آباد، فردوس کالونی، ناظم آباد، منگھوپیر، جمشید کوارٹر اور قیوم آباد میں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کشمیر ہائیڈرنٹ اور شاکر ہائیڈرنٹ سمیت 11 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کیا گیا، آپریشن کے دوران 69 واٹر ٹینکر بھی تحویل میں لئے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 25 واٹر پمپ، 12 جنریٹر، پائپ، الیکٹرک کیبل اور دیگر مسروقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور دوران آپریشن 75 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھے گی۔