پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی اب خلا میں جائے گا

موناکو (اُمت نیوز) پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بھی اب خلا میں جائے گا، نمیرا سلیم 5 اکتوبر کو امریکا سے اسپیس شپ کے ذریعے تاریخی اڑان بھریں گی۔
نمیرا سلیم اس سے قبل وطن کے جھنڈے کو قطب شمالی اور قطب جنوبی میں بھی لہرا چکی ہیں۔
کامیابیاں سمیٹنے اور اعزازات اپنے نام کرنے والی پاکستان کی پرعزم بیٹی نمیرا سلیم 5 اکتوبر کو پاکستان کا جھنڈا خلا میں لہرائیں گی۔
چیلنجز کے حوالے سے کلکٹر آف فرسٹس کے طور پر جانے جانی والی نمیرا سلیم امریکا سے کمرشل اسپیس شپ کے ذریعے خلا کا سفر کریں گی اور پہلی پاکستانی خلا باز کا اعزاز بھی اپنے نام کریں گی۔
موناکو میں قیام پذیر نمیرا سلیم کو حکومت پاکستان نے 2006 میں پہلی پاکستانی خلا باز کے طور پر لانچ کیا، جب انہوں نے کمرشل خلائی پرواز کا ٹکٹ خریدا اور پھر 17 سال اس تاریخی موقع کا انتظار کیا۔
گزشتہ 25 سال سے گلوبل اسپیس انڈسٹری میں کام کرنے اور نام بنانے والی نمیرا سلیم نے بچپن سے ستاروں پہ کمند ڈالنے کا خواب دیکھا، جو اب حقیقت میں بدلنے اور مادر وطن کا نام روشن کرنے والا ہے۔
کلکٹر آف فرسٹس نمیرا سلیم اس سے قبل وطن کے جھنڈے کو قطب شمالی اور قطب جنوبی میں بھی لہرا چکی ہیں، یہی نہیں وہ 2008 میں ماؤنٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو بھی لگا چکی ہیں۔