اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کی جانب سے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈان جاری ہے۔ایف آئی اے کے مطابق رواں سال کرنسی کی غیرقانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 303 چھاپے مارے گئے، جس کے دوران 416 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر 3 ارب 54 کروڑ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی جبکہ ملزمان کے خلاف 289 مقدمات اور 49 انکوائریاں درج کی گئیں۔ترجمان نے کہا کہ چھاپوں کے دوران ملزمان کے زیر استعمال متعدد دکانوں اور دفاتر کو سیل کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان سے 3 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے، 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالرز اور 23 کروڑ 71 لاکھ روپے کی دیگر غیرملکی کرنسی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتارکئے جانے والے متعدد ملزمان مختلف کاروبارکی آڑ میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ایف آئی اے نے ہنڈی حوالہ اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ایجنٹوں کا ڈیٹا مرتب کرکے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا بھی آغاز کردیا ہے ۔اس حوالے سے ایجنٹوں کا بینک ریکارڈ، سفری ریکارڈ اور رشتے داروں کے حوالے سے بھی ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے جبکہ بیرون ملک مقیم ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ڈیلروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔