کراچی، شارع نورجہاں پر صبح سویرے دو نامعلوم نوجوان قتل

کراچی: نارتھ ناظم آباد شپ اونر کالج کے قریب ملزمان نے صبح پانچ بجے فائرنگ کرکے2 نوجوانوں کو قتل کردیا ان کا تیسرا ساتھی بھاگ نکلا، جاں بحق نوجوانوں کی لاشیں اسپتال میں پڑی ہیں تاحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی اور نہ کسی نے رابطہ کیا۔

پیر کی صبح شاہراہ نورجہاں تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی شپ اونر کالج کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو قتل کردیا، پولیس نے جائے وقوع پہنچ کر شواہد جمع کیے اور لاشیں عباسی اسپتال منتتقل کیں۔

ایس ایچ او شاہراہ نور جہاں قمر جاوید کیانی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صبح 5 سے ساڑھے 5 بجے کے درمیان پیش آیا جس میں  دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین نوجوانوں پر فائرنگ کی گئی، دو نوجوان جاں بحق ہوگئے تیسرا فرار ہوگیا،علاقہ مکینوں کے مطابق فجر کے وقت 6 سے 8 فائر کی آوازیں آئیں۔

جاں بحق نوجوانوں کی عمریں 20 سے 25 سال ہیں، جاں بحق نوجوانوں کے زیر استعمال موٹر سائیکل محمد اسماعیل نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ایک نوجوان کو سر میں اور دوسرے کو پیٹ میں گولی لگی، نوجوانوں کی لاشیں عباسی اسپتال میں موجود ہیں لیکن تاحال کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس کو فائرنگ کے مقام سے ایک خول تک نہیں ملا، علاقے میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کے پاس رپیٹر اسلحہ موجود ہے جس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔