لاہورہائیکورٹ کا شیخ رشید کو فوری بازیاب کراکے رہا کرنے کا حکم

لاہور (اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے شیخ رشید احمد کو فوری طور پر بازیاب کراکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جب کہ آر پی او نے عدالت سے استدعا کی کہ موقع دیں میں بازیابی کے لئے کوشش کرتا ہوں۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت کے حکم پر آر پی او راولپنڈی عدالت میں پیش ہوئے، اور مغویان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کردیا، اور عدالت سے تلاشی اور بازیابی کے لئے ایک ہفتے کی مہلت طلب کی۔
جسٹس صداقت علی خان کا آر پی او سے استفسار کیا کہ کیا آپ بیان حلفی دیں گے۔
آر پی او نے عدالت سے استدعا کی کہ موقع دیں میں بازیابی کے لئے کوشش کرتا ہوں۔
جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق سے استفسار کیا کہ آج تک کیا پیشرفت کی۔
سردار عبدالرازق نے مؤقف پیش کیا کہ راولپنڈی پولیس کے ہاتھوں مغویان کی گرفتاری کا واضح ثبوت ہیں، پولیس دو مغویان کی رہائی کے وعدے کرتی رہی ہے، شیخ شاکر اور شیخ عمران پولیس کی حراست میں ہیں، شیخ رشید کو کسی ایجنسی کے حوالے کیا گیا ہے۔
عدالت نے شیخ رشید احمد کو فوری طور پر بازیاب کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔