کراچی: ہیلتھ سیکٹر میں پاکستان کی سب سے بڑی نمائش 20 ویں ہیلتھ ایشیا نمائش میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 10 مختلف انسٹی ٹیوٹس کی جانب سے لگائے گئے 13 اسٹالز پر دن بھر عوام کا ہجوم رہا۔ خاص طور پر ڈاؤ لیب کے اسٹال پر لوگ شوگر کا مفت ٹیسٹ کرانے کے لیے آتے رہے اور فوری نتائج کے ساتھ اسٹال پر موجود عملے نے ضروری احتیاط و دیگر متعلقہ معلومات بھی فراہم کیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے ہیلتھ ایشیاء میں ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال، ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف بائیولوجیکل، بائیو کیمیکل اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز، ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف لائف سائنسز، ڈاؤ انسٹیٹیوٹ فار ایڈوانس بائولوجیکل اینڈ اینیمل ریسرچ، ڈاؤ ڈینٹل، ڈاؤ کالج آف بائیو ٹیکنالوجی، ڈاؤ یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر، ڈاؤ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر، ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف ریڈیالوجی اور ڈاؤ ڈائگنوسٹک ریسرچ اینڈ ریفرنس لیبارٹری حصہ لے رہے ہیں۔
ڈاؤ اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر کی جانب سے طلبہ کے تیار کردہ لیب کوٹس و دیگر ملبوسات کو بھی عوام کی توجہ حاصل رہی۔ اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے نمائندے ڈاکٹر ممتاز بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے اسٹال پر شوگر بلڈ پریشر مانیٹر کر کے میڈیکل چیک اپ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ عام بیماریوں سمیت ہارٹ سرجری، جگر، گردوں اور بون میرو ٹرانسپلانٹ تک تمام خدمات انجام دی جاتی ہیں اور ان خدمات کی فیس بھی رعایت ہی وصول کی جاتی ہے۔