کراچی: پی آئی اے کو نئی لائف لائن مل گئی۔نگران وزیر اعظم اور وزیر نجکاری قومی ایئرلائن کے شدید مالی بحران پر قابو پانے کےلئے متحرک ہوگئے۔قومی ایئر لائن کیلئے 20 ارب روپے کا نیا قرض اور حکومتی قرض 6 ماہ کیلئے ری شیڈول کرنے کا امکان ہے۔ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ پی آئی اے کو نیا قرض دینے کیلئے وزارت خزانہ نے کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کردی ہے۔پی آئی اے کو قرض دلانے کیلئے وزیر اعظم آفس سے بھی سفارش کروائی گئی۔
ذرائع وزارت خزانہ نے کہا کہ نیشنل بینک، بینک آف پنجاب سمیت 8 کمرشل بینک پی آئی اے کو نیا قرض دیں گے، پی آئی اے نے حکومتی گارنٹی پر کمرشل بینکوں سے 260 ارب روپے کا قرض لے رکھا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری ہونے تک حکومتی قرض 6 ماہ کیلئے ری شیڈول کیا جائے گا، اس سے قبل پی آئی اے کا حکومتی قرض 2 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کا پلان تھا، پی آئی اے کی جانب سے 2 ماہ کے دوران 40 ارب روپے قرض لینے کیلئے درخواست کی گئی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کی نجکاری کے معاملے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)نے ملازمین کے نام مراسلہ لکھ دیا۔ سی ای او پی آئی اے نے ملازمین کو اتحاد اور ٹیم ورک برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔