کراچی: ایندھن کے واجبات کی ادائیگی کیلئے پی ایس او سے معاملات طے پانے کے باوجود پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال نہ ہوسکا،،29 اکتوبرکو ملکی و غیرملکی 53 پروازیں منسوخ کردی گئیں،13 دن میں منسوخ پروازوں کی تعداد 650 ہوگئی،ایئرلائن کو مسافروں کو ٹکٹوں کے ری فنڈ کی مد میں یومیہ کروڑوں روپے اورپروازوں کی منسوخی سے اربوں روپے کے نقصانات کا سامنا ہے،ملازمین کو تنخواہوں کے حصول کی فکرلاحق ہوگئی۔
علاوہ ازیں جہازمیں فنی خرابی کے بعد نجی ایئرلائن سرین ایئرکا فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا،نجی ایئرلائن کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں،کراچی سے پشاورجانیوالی پروازکئی گھنٹے تاخیرکے بعد اچانک منسوخ ہونے پرمسافروں نے احتجاج کیا،ترجمان نجی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پرجہازمیں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی جسکی وجہ سے کراچی سے پشاورکی پرواز منسوخ کرنی پڑی،کراچی سے جہازکے پارٹس لاہورروانہ کئے جائیںگے علاوہ ازیں لاہور سے کراچی اوراسلام آباد سے کراچی آنیوالی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔