ندیم بلوچ :
آسٹریلوی آل رائونڈر گلین میکسویل نے آئی سی سی ورلڈکپ کے 39 ویں میچ میں ناممکن کو ممکن کرکے بابر الیون پر بھی احسان کر دیا۔
کینگرو بلے باز کی تہلکہ خیز ڈبل سنچری نے آسٹریلیا کو بھی سیمی فائنل میں پہنچادیا ہے۔ شہرہ آفاق آسٹریلوی بلے باز نے افغان ٹیم کے خلاف کائونٹر اسٹرائیک اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی یقینی شکست کو جیت میں بدل کر پوائنٹس ٹیبل میں گرین شرٹس کو چھٹی پوزیشن پر جانے کی خفت سے بچالیا۔
میکسویل نے ہمسٹرنگ انجری کے باوجود ایک ہی جگہ پر کھڑے ہوکر افغان بالرز کا جنازہ نکالا۔ اس ناکامی کے بعد افغان ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید انتہائی کم ہوچکی ہے۔ کیونکہ افغانستان کے مقابلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کا نیٹ رن ریٹ خاصا بہتر ہے۔ ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل کی تازہ صورتحال کے مطابق بھارت اب تک ناقابل شکست ہونے کے باعث 16 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہے۔
دوسری پوزیشن پر جنوبی افریقہ موجود ہے۔ جس کے مجموعی پوائنٹس12 ہوچکے ہیں۔ جبکہ گلین میکسویل کی ون مین آرمی اننگ نے آسٹریلیا کو کامیابی دلاکر پوائنٹس ٹیبل میں 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کا ٹکٹ دلادیا ہے۔ اب سیمی فائنل کے آخری سلاٹ کیلیے پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہے۔ تینوں ٹیموں کا ایک ایک میچ باقی ہے۔ اگر نیوزی لینڈ نو، نومبر کو سری لنکا کو ہرانے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان کیلیے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے انگلینڈ کو کم ازکم سو رنز سے شکست دینا لازم ہوجائے گا۔ اسی طرح پاکستان انگلینڈ سے ہار جاتا ہے تو ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔
دوسری جانب سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بنگلورو میں شیڈول میچ میں بارش کی پیشگوئی کی جارہی ہے۔ یہ متوقع بارش یا تو پاکستان پر بھاری پڑے گی یا نیوزی لینڈ پر۔ ادھر نیوزی لینڈ اور پاکستان اپنے آخری میچز ہار جاتی ہیں تو افغان ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ اور اگر وہ بھی شکست کھا گئی تو تینوں ٹیموں کے آٹھ پوائنٹس ہوں گے۔ اس اعتبار سے تینوں ٹیموں کا رن ریٹ پر ہی فیصلہ ہوگا۔ لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ ان تین میچز کے نتائج کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
افغان ٹیم کی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بدستور پانچویں اور نیوزی لینڈ کی چوتھی ہے۔ جبکہ افغان ٹیم اب بھی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ سرکاری چینل پر آسٹریلیا اور افغان ٹیم کے درمیان میچ میں تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ اگر آج آسٹریلیا ہار جاتا تو پاکستان کا بچنا مشکل ہوجاتا۔ میکسول کی اننگ کا فائدہ آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کو بھی ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیلیے سری لنکا کو شکست دینا زیادہ مشکل نہیں ہوگا۔ البتہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری میچ میں گھمسان کی جنگ متوقع ہے۔ کیونکہ انگلینڈ کوئی کمزور ٹیم نہیں۔ وہ اپنی فیس سوئنگ کیلیے پاکستانی ٹیم پر کائونٹر اٹیک کا ارادہ رکھتی ہے۔