میگزین رپورٹ :
سردیوں کی ایسی سوغات جو گائوں دیہات سے کراچی و لاہور جیسے بڑے شہروں تک یکساں مقبول ہو۔ امیر و غریب سب کی مرغوب ہو۔ اور ساتھ ہی طبّی فوائد سے مالال بھی، وہ ہے سرسوں کا ساگ۔ خوب اچھی طرح گُھٹا ہوا ساگ، اس پر مکھن کا پیڑا اور ساتھ ہو مکئی کی روٹی۔ صحت بخش دیسی و لذیذ غذا کا شوق رکھنے والوں کے لیے اس سے عمدہ دعوت کوئی اور ہو ہی نہیں سکتی۔
سرسوں کے ساگ میں ایسے کئی غذائی اجزا موجود ہیں جو ہماری مجموعی صحت کے لیے مفید ہیں۔ ساگ میں فائبر، پروٹین، وٹامن کے، میگنیشم، کیلشیم اور وٹامن سی کے علاوہ قدرت کے کئی خزانے موجود ہیں۔ اس میں آئرن (فولاد) اچھی مقدار میں پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ہم ہیموگلوبن کی مقدار میں اضافہ کرسکتے ہیں اور جسم میں خون کی کمی کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ واضح رہے خون کی کمی کی وجہ سے ہم بہت سی بیماریوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ سرد موسم میں ہمیں ہمارا میٹابولزم سست کرسکتا ہے۔
سرسوں کے ساگ کے پتے معدنیات بھرپور ہوتے ہیں جو آپ کے جسم میں میٹابولک افعال کو بہتر بناتے ہیں۔ اس کے استعمال کی وجہ سے ہمارا میٹابولزم اچھا ہوتا ہے۔ اگر آپ سردیوں کے موسم میں ایکٹو محسوس کرنا چاہتے ہیں تو سرسوں کا ساگ اس میں مدد کرسکتا ہے۔ سردی ہماری توانائی کو کم کردیتی ہے جس کی وجہ سے ہم زیادہ پھرتی سے کام نہیں کرسکتے۔ لیکن سرسوں کا ساگ، چارجر کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہ آپ کو بھرپور توانائی فراہم کرتا ہے۔ اس میں دیسی گھی یا مکھن شامل کرنا ایک بہترین آپشن ہے۔
سرسوں کا ساگ غذائی ریشوں سے مالا مال ہوتا ہے۔ یہ ہماری آنتوں کی صحت کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے۔ یہ آنتوں کی حرکات بہتر کرتا ہے۔ اس کی وجہ سے قبض کا مسئلہ بھی حل ہوسکتا ہے۔ کسی بھی قسم کے انفیکشن سے محفوظ رہنے کے لیے اینٹی آکسینڈنٹس ہمارے جسم میں بہت اچھا کردار ادا کرتے ہیں۔ ساگ میں تین اہم اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ اس میں وٹامن اے، کے اور سی موجود ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ اس میں فولیٹ، میگنیشیم اور وٹامن ای بھی پایا جاتا ہے۔ یہ ہمیں کسی بھی قسم کے انفیکشن سے محفوظ رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سرسوں کا ساگ کینسر سے حفاظت کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔ اس میں دافع سوزش اور اینٹی آکسیڈنٹس جیسی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ جدید تحقیق بتاتی ہے کہ سرسوں کا ساگ آنتوں، پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔ اچھی اور خوشگوار زندگی گزارنے کے لیے دل کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ سرسوں کا ساگ کئی طریقوں سے کارڈیو صحت میں مدد کرتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ اس میں فولیٹ کی اچھی مقدار موجود ہوتی ہے جو قلبی امراض کوکم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔صحت مند جسم کے لیے مضبوط ہڈیوں کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اس کے لیے آپ کو ان وٹامنز کا استعمال کرنا چاہیے جو ہڈیوں اور جوڑوں کی مضبوطی کے لیے بہترین ہیں۔ ساگ میں ضروری وٹامنز، کیلشیم اور پوٹاشیم اچھی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ اجزا ہڈیوں کی صحت کے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ ڈھلتی عمر کے ساتھ ہماری ذہنی و دماغی کارگردگی کم ہوتی جاتی ہے۔ لیکن ہم سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال کرکے اپنی ذہنی کارگردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرسوں کا ساگ کھانے سے ذہنی صحت میں چالیس فیصد تک بہتری ممکن ہے۔ یہ صحت و غذائیت سے بھرپور سوغات سنگین بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سرسوں کے ساگ کو موسمِ سرما کے دوران ہفتے میں ایک بار اپنی خوراک کا حصہ بنانے کی کوشش کریں۔ خاص طور پر قوت مدافعت کو بہتر بنانے اور صحت کے دیگر بہت سے فوائد حاصل کرنے کی خاطر اس کا سردیوں میں استعمال بہت ضروری ہے۔