کیا عام انتخابات بھی میئرکراچی کے انتخاب کی طرح ہوں گے؟

حافظ نعیم الرحمٰن ، امیر جماعت اسلامی کراچی

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑسے لمز یونیورسٹی میں طالب علم کا یہ سوال کہ کیا آئندہ عام انتخابات بھی میئر کراچی کے انتخاب کی طرح ہوں گے ؟دراصل صرف الیکشن کمیشن سے نہیں بلکہ جمہوریت کی بات کرنےوالی سیاسی جماعتوں سے بھی ملک کی نئی نسل کا شکوہ ہے ۔ہم اپنی سیاسی تاریخ میں ایسے مناظر پہلے بھی دیکھ چکے ہیں جب عوام کی رائے پر طاقت کے ذریعے اثرانداز ہونے کی منظم کوشش ہوئی۔جنوری1977میں وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے قبل از وقت انتخاب کا اعلان کیا تو لاڑکانہ سے ان کے مقابلے پر جماعت اسلامی کے مولانا جان محمد عباسی اپوزیشن اتحاد کے متفقہ امیدوار تھے،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت آیا تو عباسی صاحب کو اغوا کرلیا گیا اور بانی پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو بلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔ جب وزیراعظم بلامقابلہ کامیاب ہوگئے تو چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کیوں پیچھے رہتے؟ وہ بھی الیکشن لڑے بغیر ہی رکن اسمبلی منتخب ہوگئے ۔ یوں پولنگ ڈے سے پہلے ہی انتخابی عمل متنازع ہوگیا ۔ 7 مارچ 1977کو عام انتخابات ہوئے تو اپوزیشن نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور ملک گیر تحریک کا آغاز ہوا ۔ اپوزیشن کی تحریک کے نتیجے میں حالات خراب ہوئے تو وزیر اعظم بھٹو نے دوسری غلطی کی اور ملک میں جزوی مارشل لا نافذ کردیا جو پانچ جولائی کو مکمل مارشل لا میں تبدیل ہوگیا۔ پیپلزپارٹی نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے ہدف کی تکمیل کے لیے کیا تھا مگر بدترین انتخابی دھاندلی نے ملک میں جمہوریت کی بساط لپیٹ دی۔

ہمارا خیال تھا کہ سیاسی جماعتوں بالخصوص پیپلزپارٹی نے ماضی سے سبق سیکھ لیا ہوگا مگر رواں سال 15 جنوری کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات نے ثابت کیا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی پیپلزپارٹی ماضی کی غلطیاں دہرانے پر بضد ہے ۔ کراچی میں پچھلی بلدیاتی حکومت کی مدت اگست 2020 میں ختم ہوئی مگر پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نہ صرف بروقت انتخابات کیلیے تیار نہ تھی بلکہ قانون سازی کے ذریعے بلدیاتی اداروں کے اختیارات مزید کم کردیے ۔ جماعت اسلامی نے جنوری 2022 میں سندھ اسمبلی کے باہر تقریباً ایک ماہ کا دھرنا دیا اور سندھ حکومت کو مجبور کیا کہ وہ بلدیاتی اداروں سے چھینے گئے اختیار واپس کرے ۔ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے لیے من پسند حلقہ بندیاں کیں مگر بلدیاتی انتخابات کے لیے پھر بھی آمادہ نہ ہوئی ، اگر چہ پیپلز پارٹی کی من پسندیونین کمیٹیوں میں اوسطاًووٹرز کی تعداد 18ہزار اور دیگر علاقوں میں 45ہزار تھی، بعض جگہ تو 3ہزار اور 5ہزار ووٹوں پر بھی یونین کمیٹیاں بنائی گئی تھیں۔ مختلف وجوہات کو جواز بنا کر انتخابات کم از کم تین بار تاریخ کا اعلان ہونے کے باوجود ملتوی ہوئے، بالآخر 15جنوری کو انتخابات کا فیصلہ ہوا مگر 13 جنوری کو صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بیان دیا کہ کراچی ، حیدرآباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے ۔ آخری وقت تک ابہام پھیلایا جاتا رہا مگر جماعت اسلامی نے واضح پیغام دیا کہ التوا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
15 جنوری کو شام پانچ بجے پولنگ کا وقت ختم ہوا تو جماعت اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آنے لگی پھر اچانک انتخابی نتائج تاخیر کا شکار ہوگئے ، حیران کن بات یہ تھی کہ کراچی میں 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی مکمل نتائج کا اعلان نہ ہوسکا ۔ یہ تاخیر الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان تھی ۔ جب مکمل نتائج سامنے آئے تو کم ازکم 6 یونین کونسلز ایسی تھیں جہاں سے جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس پریذائڈنگ آفیسرز کے دستخطوں کے ساتھ جیت کا رزلٹ لے کر اٹھے تھے مگر حیران کن طور پر ان 6 نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی جیت کا اعلان ہوگیا ۔ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ ری کاونٹنگ کے نام پر جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی مزید 5 یونین کونسلز پر پیپلزپارٹی کو فاتح قرار دے دیا گیا ۔ ری کاونٹنگ سے پہلے ووٹوں کے تھیلے پھٹے ہوئے تھے یا بیگز کی سیلز ٹوٹی ہوئی تھیں۔ الیکشن کمیشن سندھ کا کردار اس سارے عمل میں سوالیہ نشان رہا ۔ جماعت اسلامی نے تمام شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ مرکزی الیکشن کمیشن سے رجوع کیا مگر کوئی ریلیف نہ مل سکا جو بجائے خود ایک حیران کن امر تھا ۔پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی کم از کم 8نشستوں کے ساتھ یہی کیا۔گویا حلقہ بندیوں میں جوکسر رہ گئی تھی وہ نتائج کی تبدیلی اور بعدازاں ری کاونٹنگ کے نام پر پوری کرلی گئی ۔حیران کن بات یہ تھی جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ، پی پی پی کے ووٹ جماعت اسلامی کے ووٹوں سے40فیصد کم تھے مگر پہلے حلقہ بندیوں کے ذریعے اور پھر نشستیں چھین کر اپنی یونین کمیٹیوں کی تعداد بڑھالی گئی۔


اگلا مرحلہ 15 جون کو میئر کراچی کے انتخاب کا تھا ۔ میئر کراچی کے انتخاب کے لیے تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا ۔سٹی کونسل میں جماعت پی ٹی آئی اتحاد کے ووٹوں کی تعداد 192 جب کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یوآئی ف کے اتحاد کے ووٹوں کی تعداد 173 تھی ۔ یہ بات یقینی تھی کہ جیت جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اتحاد کی ہوگی مگر عین انتخاب کے موقع پر پی ٹی آئی کے 30 کے قریب منتخب ارکان لاپتا ہوگئے ۔ میڈیا پر سینئر صحافیوں کے یہ انکشافات ریکارڈ پر موجود ہیں کہ لاپتا افراد کو پولیس کی اسپیشل سیکیورٹی فورس کی نگرانی میں ڈیفنس کے ایک بنگلے میں پر رکھا گیا ۔ یہ اقدام جمہوریت پر کھلا ڈاکا تھا مگر افسوس الیکشن کمیشن یہاں بھی اپنی رٹ منوانے میں ناکام رہا۔
قواعد کے مطابق میئر کراچی کے امیدوار کے لیے لازمی تھا کہ وہ سٹی کونسل کا منتخب رکن ہو مگر یہاں ایک بار پھر غیر جمہوری رویے کا مظاہرہ کیا گیا اور ایک غیر منتخب شخص یعنی مرتضیٰ وہاب کو فائدہ پہنچانے کے لیے مئی میں خصوصی طور پر قانون سازی کی گئی اور انہیں سٹی کونسل کا رکن نہ ہونے کے باوجود میئر کراچی کا انتخاب لڑنے کا موقع دیا گیا ۔ سوال یہ ہے کہ ایک ہی شہر میں دیگر جماعتوں کیلیے الگ اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کے لیے الگ قانون کی اجازت کونسی جمہوریت دیتی ہے ؟آج بلاول زرداری لیول پلئنگ فیلڈ کا مطالبہ کررہے ہیں مگر میئر کراچی کے انتخاب کے وقت انہیں لیول پلیئنگ فیلڈ یاد کیوں نہ رہی اور نمبرز پورے نہ ہونے کے باوجود جیالا میئر لانے کے لیے پیپلزپارٹی نے جمہوری قدروں کو کھل کر پامال کیا ۔ جماعت اسلامی نے اس خلاف ضابطہ عمل کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے ۔۔
میئر شپ پر قبضے کے بعد اگلا مرحلہ مرتضیٰ وہاب کو یونین کونسل کا چیئرمین منتخب کرانا تھا ۔۔ مرتضیٰ وہاب ڈی ایچ اے کے رہائشی ہیں جوکہ کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں آتا ہے مگر یونین کونسل کے چیئرمین کا الیکشن لڑانے کے لیے نادرا کی معاونت سے ان کے لیے نئے پتے کے ساتھ شناختی کارڈ جاری ہوا تاکہ وہ کے ایم سی کی حدود میں آنے والی یونین کونسل سے الیکشن لڑنے کے اہل ہوسکیں ۔ سندھ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی امیدوار اپنے ٹاون کی حدود کے علاوہ الیکشن نہیں لڑسکتا مگر یہاں بھی سہولت کاری کی گئی اور مرتضیٰ وہاب کو تین ٹاونز سے الیکشن لڑنے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ ماڑی پور سے وہ بعد میں دستبردار ہوگئے ، گزری میں الیکشن ہوا جب کہ ابراہیم حیدری سے ان کی بلامقابلہ جیت کی کہانی بڑی دلچسپ ہے ۔ ابراہیم حیدری میں جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور آزاد امیدوار بھی مقابلے پر موجود تھے ، مگر وڈیرہ شاہی کے زور پر ان امیدواروں کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو ڈرایا، دھمکایا اور لاپتا کردیا گیا ، یوں زور اور جبر کی بنیاد پر مرتضیٰ وہاب بلا مقابلہ جیت گئے۔ گویا ابراہیم حیدری کی یونین کونسل میں77 کے عام انتخابات اور میئر کراچی کے انتخاب کا ری پلے ہوا۔
اہم بات یہ ہے کہ جماعت اسلامی شہرسےملنے والے مینڈیٹ اور اس کے نتیجے میں تعمیر و ترقی کے عمل سےدستبردار نہیں ہوئی ہے ، میئر کی اہلیت کے قانون کی تبدیلی ہو یا چھ یونین کونسلز کے نتائج بدلنا، ری کاونٹنگ میں گھپلے ہوں یا الیکشن قوانین کو پامال کرکے میئر کا اپنی پوزیشن پر رہتے ہوئےیوسی چیئرمین کاانتخاب لڑنا ہو، تمام امور پر احتجاج کے جمہوری حق کے ساتھ عدالت میں یہ معاملات زیرسماعت ہیں،امید ہے عدالت حق اور انصاف کی بنیاد پر فیصلہ دے گی اور کراچی کے عوام کی حق تلفی نہیں ہوگی۔
میئر کراچی کے انتخاب میں جو کچھ ہوا اس نے پورے ملک کو یہ پیغام دیا کہ کیا عام انتخابات بھی اسی طرح ہوں گے؟ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ عام انتخابات کو شفاف بنانے اور شکوک و شبہات کے خاتمے کے لیے درج ذیل اقدامات فوری طوپر کرنا ہوں گے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

1۔ چاروں صوبوں کے گورنرز کو برطرف کرکے نئے گورنرز کا تقرر کیا جائے۔
2۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتیں تبدیل کی جائیں۔
3 ۔ تمام جماعتوں کو الیکشن لڑنے کے لیے یکساں موقع فراہم کیا جائے اور یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ کوئی ایک جماعت لاڈلی ہے۔

4 ۔ ووٹر لسٹوں میں موجود غلطیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
5۔ آر اوز اور ڈی آراوز عدلیہ سے لیے جائیں اور شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔
6۔ سپریم کورٹ انتخابی عمل کی نگرانی کا نظام بنائے۔
ایک سوال اہل کراچی کی زبانوں پر ضرور رہے گا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ کم گننے اور اس کے نتیجے میں 10 قومی اور 17 صوبائی اسمبلی کی سیٹوں میں اضافے سے محرومی کا کیا ہوگا؟