الیکشن میں سیاسی برہمنوں، شہزادوں کو ہرائیں گے،سراج الحق

لیہ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں سیاسی برہمنوں، شہزادوں، شہزادیوں کا غرور خاک میں مل جائے گا۔ عوام کا ووٹ ابابیلوں کے کنکر کی مانند ہے جس سے کرپٹ اور فرسودہ نظام کا خاتمہ گا، ایک نئی روشن صبح کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ملک آزاد ہونے سے لے کر اب تک جنوبی پنجاب پر جاگیرداروں اور وڈیروں کا تسلط ہے، جماعت اسلامی کو حکومت ملی تو ہم خواتین کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں بنائیں گے، ان کے لیے بہترین اور الگ ٹرانسپورٹ کا نظام ہوگا، ہم بینکوں سے خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے ۔ معاشرہ میں فرسودہ رسومات کا خاتمہ کیا جائے گا، بچوں اور خواتین سے زیادتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے ۔سراج الحق نے کہا کہ غزہ میں بچے پتھراٹھا کر اسرائیل کے مقابلے میں کھڑے ہیں۔ مسلمان حکمران واشنگٹن کے خوف کی وجہ سے فلسطین میں ظلم پر خاموش ہیں، ہم کشمیروں اور فلسطینیوں کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑیں گے۔