پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی وکٹ گرا دی

کراچی : پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی وکٹ گرا دی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما وسیم قریشی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔وسیم قریشی نارتھ کراچی سے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ وسیم قریشی نے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم، ناصرشاہ، مرتضی وہاب کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے ضلع سینٹرل جلسے میں شرکت کی۔

وسیم قریشی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ میں چھتیس سال پرانی ایم کیو ایم سے رفاقت چھوڑ کر یہاں آیا ہوں۔ موجودہ ایم کیو ایم میں میرا کام کرنے کا دل نہیں چاہتا۔انھوں نے کہا کہ اس ایم کیو ایم میں ایک نہیں بہت فیصلے کرنے والے لوگ ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو دیوار گر جائے گی اگر پارٹی سے سینئر رہنماؤں کو نکال دیا جائے گا تو دیوار گر جائے گی، ڈسٹرکٹ سینٹرل سے دیوار کی پہلی اینٹ گر چکی ہے۔