ندیم بلوچ :
آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہوم ٹیم کی شکست کے بعد بھارتی شہروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ گزشتہ روز ایونٹ کی ہاٹ فیورٹ بھارت کی درد ناک شکست سے قبل بھارت بھر میں میلے کا سماں تھا۔
ہر گلی محلے میں جائنٹ اسکرینز کے ذریعے میچ کی لائیو کوریج دیکھنے کیلیے ہزاروں شائقین موجود تھے۔ ان کا جوش دیکھ کر لگتا تھا کہ انہیں سو فیصد یقین ہے کہ ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم آسٹریلیا سے فائنل ہار نہیں سکتی۔ لیکن جیسے جیسے ورلڈکپ کا فائنل میچ بھارتی ٹیم سے ہاتھ سے نکلنے لگا۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں موجود ایک لاکھ 30 ہزار تماشائیوں کا منہ اترنا شروع ہوگیا اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ اسٹیڈیم میں ایک بھی تماشائی موجود نہیں۔
جبکہ اسٹیڈیم میں موجود کئی خواتین روتے ہوئے بھی دکھائی دیں۔ بھارتی بالرز کو ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں مار کھاتا دیکھ کر اسٹیڈیم میچ کے اختتام سے پہلے ہی خالی ہونا شروع ہوگیا تھا۔ اتنا ہی نہیں۔ سب سے بڑا جھٹکا بھارت کی جیت پر پیسہ لگانے والے جواریوں کو ہوا۔ جنہیں بکیوں کی جانب سے سو فیصد جیت کے سہانے خواب دکھائے گئے تھے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف بھارت میں ہی ٹیم انڈیا کی جیت پر جواریوں کی جانب سے کھربوں روپے کا سٹہ کھیلا گیا۔ یہاں تک کہ کئی جواریوں نے اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی لگادی تھی۔ لیکن ہاتھ کچھ نہ آیا۔
دوسری طرف آسٹریلیا کی جیت پر پیسہ لگانے والے بکیوں کی چاندی ہوگئی۔ جن بکیوں نے میچ کے افتتاح سے ہی آسٹریلیا پر پیسہ لگا رکھے تھے۔ ان کا پروفیٹ مارجن 50 فیصد تھا۔ جبکہ انہوں نے بھارتی عوام کو گمراہ کرکے بھی خواب مال کمایا۔ اسی طرح بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی جیت کی صورت میں کولکتہ، ممبئی، دہلی، احمد آباد اور لکھنئو سمیت دیگر شہروں میں بالی ووڈ فنکاروں کی موجودگی میں بڑی ڈانس پارٹیوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ جو بعد ازاں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد منسوخ کرنا پڑیں۔
ادھر لاکھوں من مٹھائی تیار کرنے والے حلوائیوں نے بھی سر پکڑ لیا۔ شکست کے بعد دیئے گئے تمام آرڈرز منسوخ کر دیے گئے۔ جس کے سبب حلوائیوں کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق کئی بھارتی کمپنیوں کی جانب سے بھارتی کامیابی پر اپنے صارفین کو بڑے انعامات دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک ویب سائٹ ایسٹرو ٹاک کے سی ای او پونیت گپتا نے اعلان کیا تھا کہ اگر بھارت ون ڈے ورلڈکپ جیت جاتا ہے تو وہ اپنے تمام صارفین میں 100 کروڑ بھارتی روپے تقسیم کریں گے۔
ادھر سوشل میڈیا میں بھی شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے خلاف شدید ٹرولنگ دیکھنے کو ملی۔ جس میں پاکستانی صارفین سب سے زیادہ تھے۔ جو مختلف میمز بناکر بھارتی ٹیم کا مذاق اڑاتے ہوئے دکھائی دیے۔
وقار احمد نامی ایک صارف نے اپنے ایکس اکائونٹ میں لکھا کہ ’اب بھارت کو پتہ چل گیا ہوگا کہ باپ صرف باپ ہی ہوتا ہے‘۔ اسی طرح سجاد حیدر نامی صارف نے لکھا کہ ’ہر کھلاڑی بکائو مال نہیں ہوتا۔آسٹریلیا نے بھارت اور ان کی ٹیم کا غرور خاک میں ملا دیا ہے‘۔ رضا احمد نے لکھا کہ ’بھارت آپ کو ذلت اور رسوائی کا ٹائٹل مبارک ہو‘۔ واضح رہے کہ بھارت کو شکست دے کر آسٹریلیا چھٹی بار عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔ اس کامیابی کا کریڈٹ ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری کو جاتا ہے۔