شیخوپورہ : جاوید لطیف کے بھائی پر تشدد، اغوا، کے بعد باز یاب

شیخوپورہ : ملاہور روڈ پر ٹریفک کی بندش کے دوران مقامی ہاؤسنگ سوسائٹی کے چیئرمین عابد وحید خان کے مسلح گن مینوں نے سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کے بھائی میاں منور لطیف کو تشدد کے بعد مبینہ طور پر اغواء کرکے اپنے ٹاؤن میں لیجا کر بند کردیا جس کی اطلاع پا کر سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف اپنے ساتھیوں پیر سید سجاد حسین شاہ، چوہدری فیضان خالد ورک، ملک اشتیاق ڈوگر کے ہمراہ ٹاؤن میں پہنچ گئے جہاں انہوں نے پولیس کی موجودگی میں اپنے بھائی کو بازیاب کروایا۔

بعدازاں میاں جاوید لطیف نے عابد وحید خان کی طرف سے غیر مشروط معافی مانگنے پر انہیں معاف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ شہر میں کسی قسم کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے آئے روز تشدد کے واقعات میں شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اس کی حوصلہ شکنی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے کہا کہ وہ عابد وحید خان کے ٹاؤن میں غیر قانونی قبضہ کی بھی تحقیقات کروائیں ہم کسی کے ساتھ کوئی زیادتی و نا انصافی نہ کریں گے نہ ہونے دیں گے۔اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی سرکل سید زاہد حسین بخاری بھی موجود تھے۔