چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماراہنستا بستا گھر برباد کردیا،خاور مانیکا

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا نے تہلکہ خیز انکشافات کردیئے ہیں۔نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہناتھاچیئرمین پی ٹی آئی میری مرضی کے بغیر میرے گھر آتا تھا،اس نے پیری مریدی کی آڑ میں ہماراہنستا بستا گھر برباد کردیا، پنکی کی اس سے ملاقاتوں پر میں ناراض تھا، ایک بار وہ میرے گھر آیا تو میں نے نوکر کی مدد سے اسے گھر سے نکلوا دیا۔اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران بشریٰ کی بہن مریم وٹو نے بشریٰ کی ملاقات چیئرمین پی ٹی آئی سے کرائی، ہماری شادی 28 سال چلی، ہماری بہت خوشگوار زندگی تھی ۔ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں شروع ہو گئیں، میری والدہ کہتی تھیں وہ اچھا آدمی نہیں، اسے گھر میں نہ آنے دیا کرو، رات کے وقت دونوں کی فون پر لمبی لمبی باتیں ہونے لگیں، فرح گوگی نےچیئرمین پی ٹی آئی کے کہنے پر انھیں خفیہ فون نمبر فراہم کیے، ان کی موبائل فون پر چھپ کر باتیں ہونے لگیں۔

انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں میرا اپنا گھر تھا، بشریٰ مجھے بتائے بغیر وہاں سے چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر چلی جاتی تھی۔ شادی سے 6 ماہ پہلے بشریٰ بی بی مجھ سے علیحدہ ہو کر اپنے گھر چلی گئی، میں پاک پتن اس کے میکے گیا اور اپنے ساتھ چلنے کا کہا، بشریٰ بی بی نے جواب دیا میاں صاحب ابھی نہیں، پھر ایک دن فرح گوگی نے مجھے موبائل پر پیغام بھیجا کہ پنکی کو طلاق دے دیں۔میں بشریٰ کے پاس گیا اور اس سے پوچھا کہ کیا تم طلاق چاہتی ہو؟ اس نے سر جھکا لیا اور کوئی جواب نہیں دیا، میں نے 14 نومبر 2017 کو طلاق نامہ فرح گوگی کے ہاتھ بشریٰ بی بی کو بھجوایا، بعد میں فرح گوگی نے فون کر کے کہا کہ طلاق کی تاریخ تبدیل کردیں، زلفی اور فرح کے فون آئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم بننا ہے، آپ خاموش رہیں۔ میں نے پنکی کو طلاق 14 نومبر 2017 کو دی، اس کے ڈیڑھ ماہ بعد ہی اس نے چیئرمین پی ٹی آئی سے شادی کر لی، اس شادی کا مجھے اور میرے بچوں کو علم ہی نہیں تھا۔