اسلام آباد : ملک میں یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات 7 روپے تک سستی ہونے کا امکان ہے۔اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے ورکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں اوگرا کی طرف سے حکومت کو بھیجی جانے والی سمری میں پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لٹر کمی متوقع ہے تاہم یکم دسمبر کے بعد 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی اعلان نگران وزیر اعظم کی منظوری سے کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں روسی تیل کی فی بیرل قیمت 60 ڈالر سے بھی نیچے آچکی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ کی خرید و فروخت ایک فیصد کمی کے ساتھ 80.58 ڈالر فی بیرل اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی خرید و فروخت 2 فیصد کمی کے ساتھ 75.54 ڈالر فی بیرل پر ہوئی۔