کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 4 روزہ 16 ویں عالمی اردو کانفرنس کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیا گیا، جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، شاعر افتخار عارف، سینئر صحافی غازی صلاح الدین، معروف ادیبہ نور الہدیٰ شاہ ، قدسیہ اکبر اور سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے بریفنگ دی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بریفنگ میں کہا کہ 30 نومبر کو شام 4 بجے 4 روزہ 16 ویں عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح وزیراعلیٰ جسٹس(ر) سندھ مقبول باقر کریں گے، کانفرنس میں 200 سے زائد ادیب شریک ہوں گے، عالمی اردو کانفرنس ایک روایت ہے، جس کےبعد بہت سارے فیسٹیول شروع ہوئے، نفرت بہت زیادہ ہوچکی، کوئی نہیں چاہتا کہ ادب کو عام کردیا جائے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دینا چاہیے، آرٹس کونسل کراچی بھارتی ادیب جاوید صدیقی کے خاکوں کی کتاب منظر عام پر لارہا ہے، بھارتی صحافی سعید نقوی کی ”مسلمان لاپتہ ہوگئے“ کی تقریب رونمائی کررہے ہیں۔ شاعر افتخار عارف نے کہا کہ اردو کانفرنس قومی ضرورت تھی، جس کو آرٹس کونسل کراچی نے پورا کیا، احمد شاہ کی ادب کیلئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ نور الہدی شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی نے لاہور، کشمیر اور سکھر میں فیسٹیول کیا، ادب وہ واحد چیز ہے، جس سے آپ میں شعور پیدا ہوتا، قدسیہ اکبر نے کہا کہ دنیا میں جہاں ادب کے دلدادہ ہیں، وہاں اردو کانفرنس کا دائرہ پھیل رہا ہے۔