دہشتگردوں کوملک کا امن تباہ نہیں کرنے دینگے، نگران وزیراعظم

ا سلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو دھماکے میں زخمی بچوں کو بہترین طبّی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔انوار الحق کاکڑ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ طبی تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اصلاحات کیلئے تشکیل شدہ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا طبی تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، افرادی قوت کی عالمی مارکیٹ میں صحت کے شعبے کے ماہرین کی مانگ پوری کرنے کیلئے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کی جائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں صحت کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے بنائی گئی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں صحت کے شعبے کی موجودہ صورتحال اور اس میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نرسنگ ایک انتہائی اہم شعبہ ہے اور اس کی ترقی کیلئے مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ انوار الحق کاکڑ سے بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی سربرہی میں آٹھ رکنی وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی بھی شریک تھے،وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے دورہِ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے بوہرہ برادری کے پاکستان کی ترقی میں کردار کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی تعلیمات میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور صفائی ستھرائی کے موضوعات پر خصوصی توجہ کی بھی تعریف کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام بوہرہ برادری کی پاکستان کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر مفضل سیف الدین کو نشانِ پاکستان پر مبارکباد دی ،بوہرہ برادی کے وفد نے وزیرِ اعظم کے بین الاقوامی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے ترقی پذیر ممالک کیلئے مضر اثرات کو اجاگر کرنے کے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پوری عالمِ انسانیت کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہے،مذہبی پیشوائوں کو اپنی تعلیمات میں اس اہم موضوع پر تسلسل سے بات کرنی چاہیے ،وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کے بین الامذاہب ہم آہنگی کے اقدامات کی بھی تعریف کی ۔ دریں اثنا نگر ان وزیرِ اعظم نے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔