کراچی: اسٹیٹ بینک نے ایک ہزار روپے کے جعلی نوٹ کو پہنچاننے کا آسان طریقہ بتا دیا، ویڈیو جاری کردی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ ایک ہزار روپے کے جعلی کرنسی نوٹ زیر گردش ہیں ، اسٹیٹ بینک نے عوام کی آگاہی کے لیے خصوصی ویڈیو جاری کردی ، جس میں جعلی نوٹ کو پہنچانے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو میں ایک ہزار روپے کے نوٹ کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نوٹ کو پہنچاننا بہت آسان ہے، یہ نوٹ مخصوص کاغذ سے بنایا گیا ہے، جسے چھونے پر منفرد احساس ہوتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے واٹر مارک کے حوالے سے بتایا کہ نوٹ کے سامنے کی جانب قائد اعظم کی تصویر کا واٹر مارک دیکھا جاسکتا ہے جبکہ تصویر کے نیچے بھی ایک ہزار روپے کا واٹر مارک درج ہے۔حفاظتی دھاگہ آر پار دیکھنے پر عمودی نظر آتا ہے ،اس پٹی پر نوٹ کی مالیت بھی دیکھی جاسکتی ہے جبکہ آر پار نظر آنے والے ہندسے متعلق بتایا کہ اوپر کی جانب نوٹ کی مالیت ٹکڑوں میں نظر آتی ہے اور روشنی میں دیکھنے سے پوری مالیت واضح ہوتی ہے۔
ویڈیو کے مطابق ایک ہزار کے نوٹ پر سامنے کی جانب دائیں جانب رنگ بدلتا جھنڈا بھی ہے اور قائد اعظم کی تصویر کے دائیں جانب ایک ہزار کا ہندسہ پوشیدہ ہے جبکہ مخصوص چھپائی کے تحت قائد اعظم کی شیروانی کے دائیں جانب ایک ہزار کا ہندسہ بھی ہے۔اسٹیٹ بینک کا بتانا تھا کہ الٹرا وائیلٹ روشنی سے گزارنے پر حفاظتی دھاگے میں پیلی اور فیروزی رنگ کی پٹی نظر آتی ہے۔
1000 روپے کے نوٹ کو پہچاننا ہے بہت آسان۔ وہ کیسے؟ جاننے کے لئے دیکھیےhttps://t.co/5rrja5k4fd#SBP #RupayKoPehchano #PKR
— SBP (@StateBank_Pak) January 4, 2024
یاد رہے چند روز قبل اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر فنانس قادر بخش نے کہا بتایا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ 1 ہزار روپے کے جعلی نوٹ سرکولیشن میں ہیں۔قادر بحش کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سالوں میں ملک بھر سے جعلی نوٹوں کے 20 ہزار کرنسی نوٹ پکڑے گئے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے مختلف بینکوں سے 35 ہزار جعلی کرنسی نوٹ جمع کرائے ان جعلی نوٹوں میں 60 سے 70 فیصد نوٹ ایک ہزار روپے کے ہیں۔