کراچی: نگراں وزیر اطلاعات سندھ احمد شاہ نے کہا ہےکہ جب امریکہ دریافت ہوا تو اس نے بم، بارود بعد میں، پہلے یونیورسٹیاں بنائیں، اس لئے وہ آج دنیا پر حکمرانی کررہا ہے، فوڈ سیکورٹی کا عملہ ایسا ہونا چاہیے، جو حفظان صحت کے اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کی سابق پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق کو سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چیف ایمبسیڈر مقرر کرنے کے اعزاز میں ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حیرت ہے حکومت نے تاحال ایسی خاتون کو سول ایوارڈ سے نہیں نوازا، جس نے زندگی تدریس و تحقیق کیلئے وقف کردی، اعلان کرتا ہوں ان کو ایوارڈ ملنے میں مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر نے کہا کہ سندھ میں 750 سے زائد فوڈ انسپکٹرز کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہوگی۔ جامعہ اور ایس ایف اے کے باہمی اشتراک سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق نے کہا کہ نیوٹریشن اور ہائی جین کی تعلیم اسکول کی سطح سے ہی دینی چاہیے، تجربات سے معاشرے کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہوں۔