کراچی: ملک کی 25فیصد آبادی ذہنی امراض سے متاثرہ ہے ،ذہنی مرض معاشرے میںانتشار اور خودکشیوں کا باعث بھی بن رہا ہے ،ان خیالات کا ظہار کراچی نفسیاتی اسپتال کے ایم ڈی ڈاکٹر سید عبدالرحمن نے گلشن اقبال شاخ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ہر چار میں سے ایک فرد ذہنی بیماری کے اثرات سے متاثرہ ہے اور معاشرے میں خود کشیوں کی بڑھتی ہوئی وجوہات میں سے بھی یہ ایک وجہ ہے ،پاکستان میں پانچ سے چھ کروڑ افراد ذہنی مرض میں مبتلا ہیں،تاہم ان میں سے اکثریت اپنی اس کیفیت سے لاعلم ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایک اندازے کے مطابق ذہنی مرض میں مبتلا 70فیصد افراد کسی معالج سے رجوع نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض میں مبتلا افراد نہ صرف خود اس اذیت سے دوچار رہتے ہیں بلکہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی متاثر کرتے ہیں اور ان کے کسی عمل سے خود کو اور دوسروں کو بھی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ذہنی امراض میں مبتلا افراد سے بات چیت اور ان کا علاج ضروری ہے تاکہ انہیں معمول کی زندگی کی جانب واپس لایا جاسکے اور معاشرے کا کار آمد فرد بنایا جاسکے۔