لاہور: ضمنی انتخابات کب اور کتنی نشستوں پر ہونگے ؟  اس حوالے سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق  انتخابات 2024 میں ایک درجن سے زائد امیدوار بیک وقت قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ان دہری نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کےقومی و صوبائی اسمبلی میں سے کسی ایک نشست پر حلف اٹھانے کے بعد 16 سے زائد خالی نشستوں پر اگلے60 دنوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔

سب سے زیادہ مسلم لیگ( ن) کی خالی کردہ 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔پیپلز پارٹی کی3، پی ٹی آئی کی2، (ق) لیگ ، استحکام پاکستان پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی کی ایک ایک خالی نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف قومی وصوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، انہیں 3 نشستیں چھوڑنا پڑیں گی۔

اسی طرح حمزہ شہباز، مریم نواز، رانا تنویر حسین، احسن اقبال قومی و صوبائی اسمبلی کیلیے بیک وقت کامیاب ہوئے ۔ (ن) لیگ کے اویس لغاری صوبائی اسمبلی کی2 نشستوں پرکامیاب ہوئےہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو قومی اسمبلی کی 2 میں سے1، ڈاکٹرعذرا پیچوہو 3 میں سے 2۔( ق) لیگ کے چوہدری سالک حسین، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان، پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ، علی امین گنڈا پور اور اختر مینگل قومی وصوبائی اسمبلی کی 2 ، 2 نشستوں پرکامیابی کے باعث ایک ایک نشست خالی کریں گے جن پراُن کی حلف برداری کے بعد ضمنی انتخابات ہوں گے۔