مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا اشارہ دے دیا

اسلام آباد(اُمت نیوز)جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے شکوہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ہمارا مینڈیٹ کیسے چوری ہوا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی سربراہ جے یو آئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

شہباز شریف اتحادی جماعتوں سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچیں جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق دورانِ ملاقات مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو تحفظات سے آگاہ کیا، اور مبینہ دھاندلی کی شکایات کرتے ہوئے سوال کیا کہ ہمارا مینڈیٹ کیسے چوری ہوا؟

مولانافضل الرحمان نے شہباز شریف کو کہا کہ جماعت کی اکثریت کی رائے ہےکہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں، کل مجلس عاملہ کے سامنے آپ کی درخواست رکھوں گا، جو بھی فیصلہ ہوا وہ آپ کو آگاہ کردوں گا۔

چیئرمین سینیٹ کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات
صادق سنجرانی بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے۔

چیئرمین سینیٹ اور سربراہ جے یو آئی کے درمیان ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کی حکومت سازی پر بات چیت ہوئی۔