وفاقی کابینہ کا عرفان قادرنامی ملزم کو ناروے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(امت نیوز) نگراں وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ عرفان قادر بھٹی ناروے سے تعلق رکھنے والے ایک جہادی تنظیم کا سربراہ تھا جس نے داعش اور اس کے مقتول رہنما ابوبکر البغدادی سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔ پاکستان کی نگراں وفاقی کابینہ نے عرفان قادر بھٹی کے کیس کا جائزہ لینے اور اسے دہشتگردی میں پانے کے بعد ناروے حوالگی کی منظوری دی۔

عرفان بھٹی ناروے میں ایک گروپ ”Profetens Ummah“ کا سربراہ تھا اور وہ اوسلو میں ایک یہودی عبادت گاہ پر حملہ کرنے اور اسرائیلی اور امریکی سفارت خانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بم بنانے کے جرم میں مطلوب تھا۔

کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو بطور انکوائری آفیسر تعینات کیا گیا تھا، جو بعد از تفتیش اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملزم دہشتگردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ان معلومات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ملزم کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔