عازمین حج کوبہترین سہولیات پرسعودیہ کےمشکورہیں،انیق احمد

اسلام آباد (امت نیوز)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ گزشتہ روز وزیر مذہبی امورنے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے حج انتظامات کے سلسلے میں سعودی سفارتخانے میں ملاقات کی، اس دوران دونوں رہنماؤں نے حج 2024 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی سفیر کے بہترین تعاون کی بدولت پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کو مثالی بنانے میں کامیاب رہے ہیں، حج انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائےگا، اس سلسلے میں وزارت اور پاکستان حج مشن سعودی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ہدایات کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے ذریعے حج کرنے کے خواہشمند عازمین کو مزید آسانی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج کمپنیوں پر مشتمل 146 منظم کمپنیاں تشکیل دی جا چکی ہیں اور ان کے کوائف وزارت مذہبی امور پر آویزاں کئے جا چکے ہیں اور عازمینِ حج کی بکنگ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ سعودی سفیر نے نجی حج کمپنیوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ سے ’’روڈ ٹو مکہ ‘‘ پراجیکٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے سینئر سعودی حکام فروری کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عازمین کے ساتھ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کو بھی رود ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔