ملزمان افتخار اور زین کو حراست میں لے لیا گیا، فائل فوٹو
ملزمان افتخار اور زین کو حراست میں لے لیا گیا، فائل فوٹو

کراچی:شاہ فیصل میں ایم کیو ایم کارکن بیوی کے سامنے گھر کی دہلیز پر قتل

کراچی(امت نیوز) شاہ فیصل کالونی میں ملزمان نے بیوی کے سامنے شوہر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول ایم کیو ایم پاکستان کا کارکن اور 2 بچوں کا باپ تھا۔ابراہیم علی بھائی اسکول کے قریب گھر کی دہلیز پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ ریحان جاں بحق ہوگیا۔

ریحان اہلیہ کی خالہ کے گھر آیا تھا، جب وہ واپس اپنے گھر سرجانی کنیز فاطمہ جانے کیلئے نکلا تو موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے، جنہیں دیکھ کر ریحان نے اہلیہ کو گھر کے اندر دھکا دیا اور پھر اسی دوران گولی چلنے کی آواز آئی، جس کے بعد ریحان زخمی ہوکر سڑک پر گر پڑا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ شاہ فیصل میں درج کیا گیا، جس میں نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا۔

ادھر مقتول ریحان کو آہوں سسکیوں کے ساتھ سی ون ایریا قبرستان لیاقت آباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔نماز جنازہ جامع مسجد سیکٹر 5 نیو کراچی میں ادا کی گئی، تدفین میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم، اراکین اسمبلی، کارکنان، ہمدردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مقتول کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔