ندیم بلوچ :
غاصب صہیونی فوج جدید امریکی ہتھیاروں کی مدد سے چار ماہ کے دوران 30 ہزار سے زائد فلسطینوں کو شہید کرچکی ہے۔ جبکہ ایک لاکھ کے قریب افراد زخمی اور لاپتہ ہیں۔ تاہم اب تک وہ غزہ کا کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام ہے۔ جس کا اہم سبب مجاہدین کے تابڑ توڑ حملے اور غیر معمولی جنگی حکمت عملی ہے۔
فلسطینی مجاہدین نے اعلان کردیا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینی عوام اور مجاہدین جان و مال سمیت ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ اس وقت حماس کے عسکری ونگ کتائب القسام، سرایا لقدس اور الجہاد کے مجاہدین دلیری سے غزہ میں سپر پاور امریکہ اور اسرائیل سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ غزہ کو اسرائیلی ٹینکوں اور آرمر وہیکلز کا قبرستان بنایا جاچکا ہے۔
بزدل صہیونی فوج کے پاس اب اتنی جرات نہیں کہ شمالی غزہ کی گلیوں میں گھس کر مجاہدین سے مقابلہ کرے۔ گزشتہ روز کتائب القسام کے ایک نوجوان اسنائپر نے الزیتوں کے جنگی محاذ میں ایک ایسے صہیونی فوجی کمانڈر کو نشانہ بنایا جو غزہ میں آپریشن کے دوران ویڈیوز بناکر غزہ کی سرزمین حماس سے پاک کرنے کا دعویٰ کر رہا تھا۔ ہفتے کی رات کو گیواتی بریگیڈ کے میجر ایال شمینوف غول کو اسنائپر سے نشانہ بنایا گیا۔
اسی طرح گیوٹی یونٹ کے سارجنٹ ناریہ بیلیٹ اور اس کے ہمراہ تین سپاہیوں کو اینٹی ٹینک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے بھی ناریہ بیلیٹ اور سپاہی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ جبکہ دو سپاہی حملے میں شدید زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ اس جنگ میں اسرائیل کے 35 سے زائد ایلیٹ کمانڈر ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنہیں مستقبل میں اسرائیلی فوج کی قیادت کا اہل قرار دیا جارہا تھا۔
مغربی میڈیا غزہ میں 239 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرچکا ہے۔ تاہم مجاہدین کا دعویٰ ہے کہ غزہ جنگ میں 17 ہزار سے زائد صہیونی فوجی جہنم واصل ہو چکے یا زخمی ہوئے ہیں۔ مجاہدین کی حالیہ کارووائی کے سبب پیرس میں جاری سیز فائر کا معاملہ ایک مرتبہ پھر کھٹائی میں پڑگیا ہے۔
اسرائیلی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد سے اتوار کے روز اسرائیل جیٹ طیاروں نے بمباری کرکے مزید 85 فلسطینی شہید کردیئے۔ جبکہ 131 افراد زخمی ہوئے۔ غزہ پر مسلسل 142 ویں روز بھی بے گناہ فلسطینوں کا قتل عام جاری رہا۔ مختلف علاقوں میں اسرائیلی قابض طیاروں کی گھروں پر بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوئے۔ الصابرہ کے محلے میں ایک گھر پر بمباری سے تین افراد شہید ہو گئے۔
شمالی غزہ میں بیت اللحیہ میں قشقش خاندان کے ایک گھر پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے متعدد افراد شہید ہوگئے۔ بیت اللہیہ میں زرعی ادویات اور بجلی کے آلات کے گودام کو نشانہ بنایا گیا۔ جس کے نتیجے میں ان مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ صہیونی فوج کی کشتیاں شمالی غزہ پر وقتاً فوقتاً بمباری کرتی رہیں۔ جس کے نتیجے میں دو شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ رفح کے جنوب میں اسرائیلی فضائی حملے میں 8 افراد شہید ہوئے۔ قابض طیاروں نے غزہ میونسپلٹی کے ہیڈ کوارٹر پر بھی بمباری کی۔