مولانا فضل الرحمان 3 روزہ دورہ پر کراچی پہنچ گئے

کراچی ( اُمت نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کراچی پہنچ گئے۔

کراچی ایئرپورٹ پر مولانا راشد محمود سومرو، مولانا عبدالکریم عابد، قاری محمد عثمان ، مولانا محمد غیاث ، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی سمیت دیگر جے یو آئی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر مولانا سمیع الحق سواتی، مولانا حماد اللہ شاہ، مولانا امین اللہ، شرف الدین اندھڑ و دیگر بھی موجود تھے، مولانا فضل الرحمان کل اتوار کو کورنگی میں جے یو آئی سندھ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کریں گے۔

ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی سندھ سمیع سواتی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جے یو آئی سندھ کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے ذمہ داران سے اہم خطاب کریں گے، جے یو آئی سندھ کے تمام اضلاع کے اراکین کا اہم اجلاس کل کورنگی میں ہوگا۔

سمیع سواتی نے کہا کہ جے یو آئی سندھ کے اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جے یو آئی سندھ کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کے ذمہ داران کراچی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ کے اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے، مولانا فضل الرحمان جے یو آئی سندھ کے ذمہ داران کو اہم ہدایات دیں گے، مولانا فضل الرحمان کل شام کو کورنگی میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔