فیصل جاوید کیخلاف تھانہ بنی گالا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، فائل فوٹو
فیصل جاوید کیخلاف تھانہ بنی گالا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، فائل فوٹو

دھمکانے اور جھگڑا کرنے کا کیس، فیصل جاوید پر فرد جرم عائد

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید پر فرد جرم عائد کر دی۔

فیصل جاوید کے خلاف دھمکانے اور جھگڑا کرنے کے کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی۔ فیصل جاوید اپنے وکیل سردار مصروف کے ساتھ عدالت پیش ہوئے۔

وکیل صفائی سردار مصروف نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی تاریخ ہے، دستاویزات دیکھنے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ آج  فیصل جاوید پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ ہے۔

عدالت نے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کر دی۔ عدالت نے فیصل جاوید کے خلاف کیس میں 13 مئی کو گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلیے طلب کرلیا۔فیصل جاوید کیخلاف تھانہ بنی گالا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔