اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگ زیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، ریونیو اکٹھا کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سےایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیئر مین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔
چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر ٹیم کی جانب سے وزیرخزانہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اُنہوں نے وفاقی وزیر کو ایف بی آر کی طرف سے ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں، ریونیو جنریشن کے لیے کیے جانے والے اقدام اور ریونیو ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں ریونیو اکٹھا کرنے کا مجموعی ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا ہے، پورے سال کے ہدف کو بھی حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
وزیر خزانہ نے اہداف کے حصول میں ایف بی آر ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے بہتر کارکردگی اور ریونیو جنریشن میں اضافہ کے لیے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اوراصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ اُنہوں نے ایف بی آر کی ٹیم کو یقین دلایا کہ وہ ان کے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔