ندیم بلوچ :
غاصب صہیونی فوج نے غزہ کے مسلمانوں کی نشل کشی کے ساتھ ماہ رمضان کا بھی تقدس پامال کر رکھا ہے۔ صہیونی فوج نے جیٹ طیاروں کے ذریعے اہل غزہ کو عبادتوں کے حوالے سے پمفلٹس کے ذریعے خبردار کردیا ہے۔ رفح اور شمالی غزہ میں پمفلٹس پھینکے گئے ہیں۔ جس میں لکھا تھا کوئی بھی بڑا اجتماع دیکھا گیا تو بم برسائے جائیں گے۔
اس واضح دھمکی کے پیش نظر فلسطینی شہریوں نے نماز تراویح اور باجماعت نمازوں کو محددو کردیا ہے۔ تاہم اب بھی جبالیہ اور رفح میں چھوٹے نوعیت کے اجتماع منعقد کیے جارہے ہیں۔ رفح میں پناہ گزین کیمپوں میں 20 سے 30 افراد پر مشتمل نماز تراویح کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جبکہ جبالیہ میں موجود شہید مسجد کے صحن میں کم تعداد میں افراد نماز تروایح ادا کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ کے 160 ویں روز اور رمضان کے مقدس مہینے کے چوتھے روز بھی اسرائیلی قابض فوج نے شدید بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔ گزشتہ روز چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کے سات مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے 69 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔ جبکہ 110 زخمی ہوئے۔ شہدا میں اکثریت بچوں کی بتائی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رفح کی طرف اسرائیل کی جانب سے غیر معمولی نقل و حرکت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ آج بروز جمعہ رفح میں سرچ آپریشن شروع کردیا جائے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج رفح میں حماس مجاہدین کی موجودگی کو جواز بناکر بڑے آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔
رفح میں اس وقت پندرہ لاکھ سے زائد پناہ گزین خیموں پر مشکل حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ میں ایک امدادی مرکز پر اسرائیلی بمباری سے آٹھ فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسی طرح جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے شمال میں حماد ٹاؤن سے 10 دیگر شہدا کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ کویت جنکشن پر فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا جہاں موقع پر 6 شہید اور 70 سے زائد زخمی ہوئے۔
الدراج اور الزیتون کے محلوں پر قابض فوج کی بمباری میں دو خواتین اور سات بچوں سمیت 15 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ غزہ شہر کے محلے تل الحوا میں اسرائیلی فوج نے ہلال احمر سوسائٹی سے منسلک القدس اسپتال کے اطراف میں بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 5 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ ادھر حماس کے مجاہدین نے خان یونس سے تل الحوا کی جانب گزرنے والے صہیونی فوجی قافلے پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا۔ جبکہ الزیتوں کے علاقے میں ایک مکان میں پناہ لینے والی اسرائیلی اسنائپر ٹیم کو بم دھماکے سے اڑادیا گیا۔