دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کیلیے اتحاد ضروری ہے، فائل فوٹو
دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کیلیے اتحاد ضروری ہے، فائل فوٹو

آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، یہ سیاسی جماعت اپنی شناخت کھو چکی، آج یہ بے نام پارٹی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیالکوٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ میر علی میں گذشتہ روز ہونے والے دہشت گردی واقعے کی مذمت کرتے ہیں، کل لیفٹننٹ کرنل، کیپٹن اور جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف قربانی دینے والے ہمارے محسن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کیلیے اتحاد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا سے متعلق ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی اور شہادتوں کا مذاق اڑایا۔ وطن کے ساتھ اس سے بڑی دشمنی کوئی ہو نہیں سکتی۔ الیکشن میں اختلافات پر شہدا کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے۔ یہ سیاسی جماعت اپنی شناخت کھو چکی، آج یہ بے نام پارٹی ہے۔ کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے، کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔ ملک کی خیر مانگنے کی بجائے یہ بد دعائیں دیتے ہیں۔ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔