مقامی اسکول بند کر دیے گئے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، فائل فوٹو
مقامی اسکول بند کر دیے گئے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، فائل فوٹو

افغانستان کی پاکستانی حدود میں گولہ باری سے 4 افراد زخمی

پشاور: پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپ میں 4 شہری زخمی ہوگئے جنھیں پاڑا چنار ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا ہے جبکہ سرحد پر کشیدگی برقرار ہے جہاں گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ صبح سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ ہسپتال پارا چنار کے میڈیکل سپرنٹڈنٹ ڈاکٹر میر حسن نے بتایا کہ ہسپتال میں چار زخمیوں کو لایا گیا ہے جنھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاروں افراد سرحد کے قریب کے رہائشی ہیں اور انھیں معمولی زخم آئے ہیں۔ ان زخمیوں میں حاجی دلدار حسین ، محمد اقبال ، امجد علی ، اور شباب حسین شامل ہیں۔

مقامی پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ یہ چاروں افراد افغانستان کے جانب سے داغے گئے گولے کے گرنے سے زخمی ہوئے ہیں ۔ یہ واقعہ پاڑہ چنار کے گاؤں شنگ میں پیش آیا ہے۔

مقامی اسکول بند کر دیے گئے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔ جن لوگوں کے کچے مکان ہیں وہ لوگ مسجدوں میں یا ان لوگوں کے ہاں چلے گئے ہیں جن کے پکے مکان ہیں ۔