وزیراعظم کا گوادر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کوخراج تحسین

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

کارروائی میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بہادر بیٹے دہشت گردوں کے خلاف اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کرکے ارض وطن کا تحفظ کررہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر سمیت بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کی معاشی ترقی اور مہنگائی سے نجات کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔