ندیم بلوچ :
غاصب صہیونی فوج نے گزشتہ چار روز سے وسطی غزہ میں واقع الشفا اسپتال میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اسپتال میں پناہ لینے والے فلسطینیوں کو اسرائیل نے حماس کے کارندے قرار دیدیا ہے اور بڑی بے دردی سے انہیں شہید کیا جارہا ہے۔
گزشتہ روز بھی اسرائیل نے الشفا اسپتال کے کمپائونڈ میں پچاس کے قریب فسطینیوں کو سولی پر لٹکا کر شہید کردیا۔ یوں چار روز کے محاصرے کے دوران 140 افراد کو پھانسی دی جاچکی ہے۔ جبکہ صہیونی فوج نے اسپتال میں پناہ گزینوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسپتال میں چھاپے کے دوران حماس کے فائٹرز کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ جبکہ 160 افراد کو گرفتار کرکے اسرائیل منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے حماس کا کہنا ہے کہ الشفا میڈیکل کمپلیکس میں اسرائیل کے جرائم کا مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہنا، اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا ثبوت ہے۔ اسپتال میں نوجوانوںکو پھانسی دینا اور انہیں تشدد کرکے شہید کرنا صرف انتقامی رویہ اور صہیونی فوج کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ اسپتال میں حماس کا کوئی بھی رکن موجود نہیں۔ مجاہدین جہاد مین مصروف ہیں۔ اسپتال میں جنہیں شہید اور گرفتار کیا جارہا ہے۔ ان کا حماس سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ بھاری اسرائیلی فوجی دستے نے ہیلی کارپٹرز، ڈرونز، ٹینکس اور بلڈوزرز کے ذریعے الشفا اسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ جس میں اسرائیل کی 13ویں میرین کمانڈو یونٹ اور 162 ویں اور 401 ویں بریگیڈ کے دستے شامل ہیں۔ غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ دوسرا موقع ہے کہ اسرائیلی افواج نے اسپتال پر دھاوا بولا ہے۔
دوسری جانب غزہ جنگ کے 167 ویں روز بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔ قابض فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 مقامات کو ہدف بناتے ہوئے 65 افراد کو شہید کردیا۔ جبکہ 92 افراد زخمی ہوئے۔ فجر کے وقت وسطی غزہ میں نصیرات پناہ گزین کیمپ کے مغرب میں ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں نو افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی حملوں میں کیمپ کے جنوب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی کے مغرب میں واقع الشفا میڈیکل کمپلیکس میں خصوصی سرجیکل عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔ جنوب میں خان یونس میں بنی سہیلہ کے مرکز میں ایک کار کو قابض فوج نے نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
اسی طرح الرشید اسٹریٹ اور اس کے اطراف توپوں سے گولہ باری کی گئی۔ جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ غزہ شہر کے باقی مغربی محلوں، تل الحوا، الرمل، شیخ عجلین، اور الشطی کیمپ پر بھی شدید توپ خانے سے گولہ باری کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت سے شہدا کی تعداد 31 یزار 989 ہوگئی ہے۔ جبکہ 74 ہزار 188 زخمی ہیں۔