ٹیکساس میں مبینہ طور پر بینک لوٹنے والے تین بچوں کو گرفتار کر لیا گیا، فائل فوٹو
ٹیکساس میں مبینہ طور پر بینک لوٹنے والے تین بچوں کو گرفتار کر لیا گیا، فائل فوٹو

امریکا میں3 بچوں نے بینک لوٹ لیا

نیو یارک: امریکی ریاست ٹیکساس میں بینک لوٹ کر فرار ہونے والے 3 بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی نے غیرملکی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ چند روز قبل 11، 12 اور 16 سال کے تین بچوں نے امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے گرینز پوائنٹ میں واقع ویلز فارگو بینک میں داخل ہو کر بینک ٹیلر کو دھمکی آمیز نوٹ تھمایا اور کیش لے کر پیدل ہی فرار ہو گئے تھے۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ٹیکساس میں مبینہ طور پر بینک لوٹنے والے تین بچوں کو گرفتار کر لیا گیا، بینک لوٹنے والے بچوں پر دھمکی دے کر ڈکیتی کرنے کی دفعات لگائی گئی ہیں، بچوں کی عمر 18 برس سے کم ہونے کے باعث معلومات کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ایف بی آئی آفس نے سی سی ٹی وی کیمرے میں مشتبہ بچوں کو گرینز پوائنٹ کے علاقے میں بینک لوٹتے ہوئے دیکھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں پہچانیں، آپ کو یقین نہیں آئے گا، انہوں نے ویلز فارگو بینک لوٹا ہے۔

سوشل میڈیا پر تصویر پوسٹ کئے جانے کے بعد دو لڑکوں کے والدین نے ایف بی آئی کو اطلاع دی جبکہ ایک لڑکے کی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شناخت کی۔