سیکڑوں گھرانوں کی عید کی خوشیاں دوبالا

سماجی تنظیم دعا فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی کے ساحلی علاقے ریڑھی گوٹھ میں سیکڑوں گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے دعا فاونڈیشن کے چئیرمین عامر خان اور وائس چئیر مین عالم نے کہا کہ ساحلی بستیوں کے گوٹھوں میں رہنے والے ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ مچھلی کے شکار سے روزگار کمانے والے بھی اس مہینے میں مالی طور پر دباو میں آجاتے ہیں۔ مہنگائی کی اس لہر میں جہاں متوسط طبقہ شدید متاثر ہوا ہے وہیں کم استطاعت رکھنے والے کرانے کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام مشکل ہو گیا ہے۔ پاکستان میں سماجی شعبہ بھی اپنی بساط کے مطابق انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔ ملک میں اہل خیر کی کمی نہیں جس کے باعث مستحق گھرانوں کی امداد سارا سال جاری رہتی ہے۔

عامر خان نے کہا کہ دعا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے علاقے کے غریب ترین افراد کا ڈیٹا پہلے جمع کیا گیا_ انہوں نے کہا کہ دعا فاونڈیشن کی جانب سے سفید پوش اور مستحق گھرانوں کو کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کا سلسلہ پورے سال جاری رہتا ہے تاہم رمضان المبارک میں اس کام میں تیزی آجاتی ہے۔ اس تقریب میں بیواؤں، بے روزگار اور کم آمدنی والے خاندانوں کو ان کی عزت نفس برقرار رکھتے ہوئے راشن تقسیم کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر ذبیح اللہ، عدنان رشید اور دوسرے عہدے داروں نے کہا کہ وہ لوگ قابل ستائش ہیں جو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اپنی کمائی کا بہترین حصہ بھلائی کے کاموں میں صرف کرتے ہیں۔ یہ اللہ کے یہاں اجر کا باعث بھی ہے۔ دیے جانے والے ایک ماہ کے خشک راشن تقسیم میں آٹا ، دال، گھی، ککنگ آئل، چینی ، چاول اور دوسری ضرورت کی اشیاء شامل تھیں۔