میں تو الیکشن بھی نہیں لڑنا چاہتا تھا ، عمران خان کے کہنے پر لڑا، فائل فوٹو
میں تو الیکشن بھی نہیں لڑنا چاہتا تھا ، عمران خان کے کہنے پر لڑا، فائل فوٹو

شیر افضل مروت نے مخالفین سے نمٹنے کیلیے اپنی سوشل میڈیا ٹیم لانچ کردی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما   شیر افضل مروت نے مخالفین کیخلاف اپنی سوشل میڈیا ٹیم لانچ کردی اور کہا  ہے کہ واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے اور بہت زیادہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

شیر افضل نے ہفتہ کی شب اعلان کیا کہ میں نے مخالفین کی طرف سے شروع کی گئی بدترین قسم کی میڈیا مہم کو برداشت کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے میڈیا رضاکاروں اور چند میڈیا پرسنز کے علاوہ کسی نے میرا دفاع نہیں کیا، مجھے گالم گلوچ بریگیڈز کا بھی سامنا ہے اور وہ اب بھی جاری ہیں۔ تمام بری باتیں کہی گئیں اور انہوں نے سوچا ہوگا کہ میں اسے ہضم کر لوں گا لیکن میں نے حساب رکھا ہوا ہے اور ہر ایک کو منافع کے ساتھ اس کا حق بھی ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس پہلے سے ہی دو واٹس ایپ گروپ تھے اور ہم زیادہ تر فیس بک پر فوکس کر رہے تھے۔ میں نے تقریباً 3500 مروتوں (مروت قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد) کو فیس بک سے ٹویٹر اور ٹک ٹاک پر شفٹ کیا ہے اور انہیں ٹریننگ دی گئی ہے۔

شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ گروپوں میں شامل ہونے کی بارہ ہزار درخواستوں میں سے، ہم نے پہلے ہی 8000 کارکنوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہم نے واٹس ایپ چینل بھی شروع کیا ہے اور ہم بہت زیادہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔