محمد علی:
دنیا کے 732 ویں امیر ترین شخص نے ٹائیٹینک ٹو کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ۔
1912ء میں ڈوبنے والے عظیم الشان جہاز کا ریپلیکا بنانا آسٹریلوی ارب پتی کلائیو پامر کا دیرینہ خواب ہے اور وہ کم از کم دو مرتبہ ناکام کوشش بھی کر چکا ہے۔ لیکن اس بار اس نے ٹائی ٹینک ٹو کا تھری ڈی ڈیزائن تیار کرالیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس کے اوائل میں کسی یورپی شپ یارڈ پر اس پر کام کا آغاز بھی جائے گا۔
70 سالہ کلائیو پامر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ٹائی ٹینک ٹو جہاز اصل ٹائی ٹینک سے کئی زیادہ مضبوط اور بہتر ہوگا اور 2027ء تک اسے تعمیر کرلیا جائے گا۔ جس پرایک اندازے کے مطابق 66 کروڑ 12 لاکھ ڈالرلاگت آئے گی۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق ٹائی ٹینک ٹو کا منصوبہ 2012ء میں پہلی بار سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد 2018ء میں بھی کلائیو پامر نے بدقسمت جہاز کا ریپلیکا بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ اب ایک بار پھر اس نے اپنے دیرینہ خواب کو عملی جامہ پہنانے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹائی ٹینک ٹو 269 میٹر طویل اور 32 اعشاریہ 2 میٹر چوڑا ہوگا۔ اس کی پیمائش اصل ٹائی ٹینک سے معمولی سی زیادہ ہے۔ جہاز میں مجموعی طور پر 2 ہزار 345 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ جبکہ اصل ٹائی ٹینک میں شپ کے عملے سمیت 2200 افراد سوار تھے۔ ٹائی ٹینک ٹو 9 ڈیکس (چھتوں) اور 835 کیبنز پر مشتمل ہوگا۔ جن میں 383 فرسٹ کلاس، 201 سیکنڈ کلاس اور 251 تھرڈ کلاس کیلئے ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق جہاز میں کیسینو، تھیٹر، ٹائی ٹینک کی مشہور سیڑھیاں، ڈائننگ روم، اسموکنگ روم اور کیفیٹریا بھی ہوگا۔ جو پُرتعیش سفر کا مزہ دوبالا کردے گا۔ کلائیو پامر کی کمپنی بلیو اسٹار لائن کی جانب سے بہت جلد ٹائی ٹینک ٹو کا ٹینڈر بھی جاری کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کلائیو پامر نے اس بات کا اعلان گزشتہ ماہ سڈنی اوپرا ہاؤس میں کیا تھا۔ اب اس منصوبے کی مزید تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ اس نے 10 برس قبل لندن کے رٹز ہوٹل میں پریس کانفرنس کر کے ایسے ہی جہاز کے بارے میں اپنے دیرینہ خواب کے بارے میں بتایا تھا۔
اس وقت جب ایک رپورٹر نے کلائیو پامر سے پوچھا تھا کہ کیا اس کا یہ اعلان کسی افواہ یا سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے ہے۔ تو جواباً اس نے کہا تھا کہ میرے پاس ٹائی ٹینک جیسے 10 جہاز بنانے کے پیسے موجود ہیں۔ اس کے بعد پارمر نے بطور فیڈرل ایم پی کام کیا اور اپنی سیاسی پارٹی کو دوبارہ سے قائم کرتے ہوئے قانونی معاملات پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔
ٹائی ٹینک ٹو پر کام 2015ء میں پامر کی کمپنی اور چینی کمپنی سائٹک کے درمیان مالی معاملات کی ادائیگی پر تنازعے کے بعد روک دیا گیا تھا۔ تاہم 2018ء میں ایک مرتبہ پھر اس بحری جہاز کو بنانے اور 2022ء میں اسے سمندر میں اتارنے کا اعلان کیا گیا۔ اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں کلائیو پامر نے ٹائی ٹینک 2 میں ہونے والی تاخیر کا ذمہ دار کورونا وائرس کی وبا کو ٹھہرایا۔
یہ بھی ایک دلچسپ امر ہے کہ کلائیو پامر بھی ان لوگوں میں سے ہے۔ جس نے کورونا کی ویکسین نہیں لگوائی۔ آسٹریلیا کے 13 ویں امیر ترین شخص کلائیو پامر کہتا ہے کہ ’میں ٹائی ٹینک کو بنا سکتا ہوں اور میں بناؤں گا۔ کیونکہ گھر پر فارغ بیٹھ کر پیسے گننے سے بہتر ہے کہ میں ٹائٹینک بناؤں‘۔ سڈنی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس نے کہا کہ وہ اس بات پر پُراعتماد ہے کہ آئندہ برس کے آغاز میں ہونے والی اس بیڑے کی تعمیر کیلئے شپ یارڈ حاصل کر لے گا۔
اس بحری جہاز کا پہلا سفر جون 2027ء میں 1912ء میں غرق ہونے والے بدقسمت ٹائی ٹینک جہاز کی طرح ساؤتھمپٹن سے نیویارک تک ہوگا۔ کلائیو پامر کے مطابق 56 ہزار ٹن وزن کے اس جہاز پر 50 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک لاگت آئے گی۔