فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے، وزیر اعظم

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے، صحیح معنوں میں بچوں اور بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے دانش اسکول سائٹ کے معائنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیرتعلیم ،وزرا  چانسلرز اور طلبا کو سلام ، آج میرے لیے بہت خوشی کا دن ہے، نوازشریف کی لیڈر شپ میں دانش اسکول کا آغاز کیا، ایسے بچے جن کے والدین دنیا سے رخصت ہوگئے دانش اسکول ان کا سہارا بنا۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں بچوں اور بچیوں کے ماں باپ کے پاس تعلیم کیلیےوسائل نہیں تھے، آج ان ہی دانش سکول کے چشم و چراغ دنیا میں اپنی قابلیت کا اثر قائم کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے  کہا کہ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنا شاندار ریکارڈ قائم کررہے ہیں، ہمیں تنقید کے نشتر کا سامنا کرنا پڑا کہ شہبازشریف یہ کیوں بنارہا ہے، میں نےکہا جب امرا کیلیے ایچی سن کالج بن سکتے ہیں، تو غریب اوریتیم بچوں کیلیے درسگاہیں کیوں نہیں بناسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں شاندار ہاؤسنگ سوسائٹیز بن چکی ہیں، امرا کے بچوں کیلئے سکول بن چکے ہیں، کیا تعلیم صرف امرا کے بچوں کا حق ہے؟ کیا اسلام آباد میں تعلیم غریب بچوں اور بچیوں کا حق نہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وفاق کے لیول پر اس نئے دور کا آغاز ہورہا ہے، بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، ہم بلوچستان میں وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر حصہ ڈالیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام ڈویژن میں دانش سکول بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2کروڑ 60لاکھ بچے اور بچیاں اسکول سے باہر ہیں، اس سے بڑی مجرمانہ غفلت نہیں ہوسکتی، ہم اس کے لیے نئے ایونٹ کا انعقاد کریں گے، ہم تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے۔