ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلیے اجلاس جاری، کراچی سے شہادتیں موصول

 

اسلام آباد(اُمت نیوز) ملک میں ماہ شوال 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں جبکہ کراچی سے کچھ شہادتیں موصول ہوئیں ہیں جس کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔

ملک میں شوال المکرم (عید الفطر) کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہورہا ہے، جس میں ملک بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات، سپارکو، سائنس اور ٹیکنالوجی کے حکام بھی شریک ہیں۔

کراچی، کوئٹہ، پشاور، لاہور میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر آج (منگل کی) شام انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے مکمل ہوگی۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے قوی امکانات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں بھی شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے پیش نظر اب وہاں عید الفطر (یکم شوال المکرم) کل 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔