عید کی چھٹیاں ختم،پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی شروع

لاہور (اُمت نیوز) عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث بس اڈوں پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔

مختلف شہروں سے پردیسی اپنے پیاروں کو چھوڑنے کا غم اور اداس چہروں کے ساتھ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں، اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی چھٹیاں گزارنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد لاہور واپس آ رہی ہے۔

پردیسیوں کی واپسی کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بھی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، سرکاری، غیر سرکاری ملازمین اہلخانہ کے ہمراہ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں۔

پردیسی عید کی خوشیاں سمیٹنے کے بعد ایک بار پھر سے معمول کی زندگی گزارنے اور اپنے کاروباری معاملات انجام دینے کی بھرپور تیاری میں نظر آرہے ہیں۔

پردیسیوں کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیاں گزرنے کا پتا ہی نہیں چلا، روزی کی خاطر اپنے پیاروں سے دور ہیں مگر عید پر ان کے ساتھ خوب لطف اٹھایا، اب کام کرنے کا وقت ہے۔

یاد رہے عید کے موقع پر پردیسیوں کی بڑی تعداد میں آبائی علاقوں میں واپسی کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔