شاہراہوں اورموٹرویز کے تعمیری ومرمتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا

اسلام آباد ( پریس ریلیز)52 کلومیٹرٹھہری۔رانی پور سیکشن کی مرمت کے کام پر 498 ملین روپے لاگت آئے گی۔یہ منصوبہ رواں سال ماہ دسمبر میں مکمل ہوگا۔ این ایچ اے سکھر۔ حیدر آباد موٹروے اورراولپنڈی۔ گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ ٹنل کے تعمیری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں جاری قومی شاہراہوں اورموٹرویز کے تعمیری ومرمتی منصوبوں کو اعلی معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ قومی شاہراہ N-5 کے ٹھہری۔رانی پورسیکشن کی پرانی الائنمنٹ سندھ کے شہروں خیر پور۔کوٹ ڈی جی اورکمب میں سے گزرتی ہے۔N-5 کو جب دوہرا کیا گیا تو اس شاہراہ کے مذکورہ سیکشن کی ری الائنمنٹ کی گئی تھی، جس سے خیرپور شہر بائی پاس ہونے کے ساتھ ساتھ ٹھہری اور رانی پور کے درمیان فاصلہ بھی کم ہو گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اس وقت سے لے کر اب تک این ایچ اے نئی الائنمنٹ کی دیکھ بھال کر رہی ہے، جبکہ پرانی الائنمنٹ کی بھی ضرورت کے مطابق مرمت کی جاتی ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ یہ نوٹس ارکان قومی اسمبلی محترمہ نفیسہ شاہ، محترمہ ناز بلوچ اور محترمہ مہتاب اکبر راشدی کی طرف سے پیش کیا گیا تھا، جس میں مذکورہ بالا شاہراہ کی فوری مرمت کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی تھی۔وفاقی وزیر مواصلات نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شاہراہ کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کی سہولت کے پیش نظر این ایچ اے نے دو مرمتی منصوبوں کی منظوری دی، جس کے تحت 52 کلومیٹر ٹھہری، رانی پور سیکشن کے لئے 24-2023 کے سالانہ مرمتی منصوبہ جات میں 498 ملین روپے مختص کئے گئے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ یہ دونوں مرمتی سکمیں پروکیورمنٹ کے عمل میں ہیں اور ان کی مالی بولیاں 24 اپریل 2024 ء کو کھولی گئی ہیں۔ اُنھوں نے پُرامید ہو کر کہا کہ ان مرمتی منصوبوں کے دستاویزی امور آئندہ دو سے تین ہفتے میں مکمل کرلئے جائیں گے اور ان منصوبوں پر تعمیر و مرمت کا آغاز جلد شروع کردیا جائے گا۔ شیڈیول کے مطابق ان سکیموں کو دسمبر 2024 تک مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ وزارت مواصلات اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سکھر۔ حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر اور شمال میں راولپنڈی۔ گلگت شاہراہ پر بابو سر ٹاپ کے مقام پر ایک ٹنل کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ٹنل کی تعمیر سے ان مشکل پہاڑی علاقوں میں سفر آسان اور محفوظ ہو جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ ملک بھر میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں کی بر وقت اور عالمی معیار کے مطابق تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے خود نگرانی کر رہے ہیں۔ جاری کردہترجمان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔