امیر جماعت اسلامی سے ایرانی سفیر کی ملاقات

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم احمان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، ایرانی سفیر نے حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارک باددی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے،ایرانی سفیر نے امیر جماعت اسلامی کو دورہ ایران کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا انتخابی نظام انتہائی جمہوری اور قابل تقلید ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ فلسطین ایشو پر ہم ایران کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،فلسطینیوں کی طرف سے مزاحمت کو ایران کی مزید حمایت کی ضرورت ہے،امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر حکومت کو بین الاقوامی دباؤ سے باہر آنا چاہئے،حکومت کو یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔
ایرانی سفیر نے کہاکہ جماعت اسلامی پوری طاقت کے ساتھ فلسطین ایشو اور کاز کے ساتھ کھڑی ہے،ہم جماعت اسلامی کے تاریخی کردار کو اتحاد امت کیلئے سراہتے ہیں۔ رضا امیری مقدم نے کہاکہ اس وقت عالمی رائے عامہ فلسطین کے حق میں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔